بلاول بھٹو نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقدہ 35ویں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر، کور کمانڈر کراچی اور دیگر اعلیٰ شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید، سیکریٹری محمد خالد محمود، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت کے ساتھ تعلیمی اداروں کے ہزاروں طلبہ و طالبات اور 24 ٹیموں کے کھلاڑی و آفیشلز نے حصہ لیا۔ پاکستان نیوی کے بینڈ نے قومی دھنوں پر نغمہ سرائی کی۔
آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین محمد بخش خان مہر نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سندھی ٹوپی اور اجرک پہنائی اور فاتح پاکستان آرمی کو ٹرافی پیش کی، جس پر حاضرین نے زوردار تالیوں سے ان کا استقبال کیا۔


