کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کی رہائشی 17 سالہ لڑکی کو ایک ماہ قبل آوارہ کتے نے انگھوٹے پر کاٹا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکی کو قریبی طبی مرکز لے جایا گیا جہاں مبینہ طور پر ریبیز ویکسین کی صرف ایک خوراک دی گئی، تاہم مکمل پوسٹ ایکسپوژر پروفیلیکسیس نہیں ہو سکی۔ لڑکی کی حالت خراب ہونے پر انڈس اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ جمعے سے مریضہ میں ریبیز کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوئیں، جن میں پانی سے خوف، ہوا سے خوف اور شدید بے چینی شامل تھیں۔ انڈس اسپتال پہنچنے تک بیماری انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی تھی۔ ڈاکٹرز کے مطابق بروقت مکمل علاج نہ ہونے کے باعث جان نہ بچ سکی۔ نڈس اسپتال انتظامیہ کے مطابق رواں سال اب تک اسپتال میں ریبیز سے 8 ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں،جبکہ 16 ہزار سے زائد جانوروں کے کاٹنے کے کیسز سامنے آئے ہیں۔


